گلبرگہ 7ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)رائٹرز فورم کلبرگی کا صدر فورم جناب امجد جاوید سابق پرنسپل نیشنل کالج کی رہائش گاہ موقوعہ بینک کالونی نزد رحمان مسجد، بہ صدارت امجد جاوید صدر فورم، بشیر باگ کے سانحہ ارتحال پر اک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ بشیر باگ مختلف شعبہ ہاے حیات میں اپنی بے مثال خدمات اور دو ٹوک کھری کھری رائے اور دنیائے افسانہ نگاری میں گلبرگہ کے بہترین افسانہ نگاروں میں شمار کئے جاتے ہیں. وہ اک افسانہ نگار، سیاست دان، صنعت کار اور کامیاب تاجر تھے بلا لحاظ مزہب و ملت سماج کے مختلف طبقات، ذات پات مذاہب اور مختلف الخیال شخصیات سے ان کے خوش گوار مراسم تھے، انہوں نے اپنے افسانوں کے ذریعے علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے فنکاروں کو انقلابی طرز نگارش کا حوصلہ بخشا، اپنے وقت کے معیاری ادبی ماہ نامہ شب خون میں اپنی عمدہ اور لائقِ تحسین تخلیقات کی اشاعتوں کے ذریعے اردو دنیا میں اپنی شناخت قائم کی. ان کے سانحہ ارتحال سے علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے اردو ادب میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے، مرحوم انجمن ترقی اردو ہند شاخ کلبرگی کے حیاتی رکن تھے. فورم نے بشیر باگ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا فرمائی ہے کہ اللہ تبارک و تعالٰی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے.اجلاس کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالحمید اکبر شعبہ اردو و فارسی گلبرگہ یونیورسٹی کی قرات کلام پاک سے ہوا اس موقعہ پر اراکین عاملہ پروفیسر پیرزادہ فہیم الدین رکن قومی کونسل برائے فروغِ اردوزبان و ادب دہلی، ممتاز مزاح نگار منظور وقار، جناب واجد اختر صدیقی، ڈاکٹر منظور احمد دکنی اور ڈاکٹر ماجدداغی شریک تھے ممتاز ادیب وشاعر انجینئر اکرم نقاش رکن کرناٹک اردو اکادمی و سکریٹری فورم کے شکریہ پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ممتاز افسانہ نگار جناب بشیر باگ کے انتقال پر گلبرگہ میں سابق پرنسپل نیشنل کالج جناب امجد جاوید کی رہائش گاہ پر ایک تعزیتی جلسہ بہ صدارت جناب امجد جاوید منعقد ہوا۔ قلم کاران ڈاکٹر ماجد داغی ، ڈاکٹر منظوراحمد دکنی ، انجنئیر اکرم نقاش، ڈاکٹر عبدالحمید اکبر شعبہ اردو گلبرگہ یونیورسٹی ،جناب امجد جاوید اور ڈاکٹر فہیم پیرزادہ دیکھے جاسکتے ہیں ۔